کولار،21؍مئی (ایس او نیوز)ضلع بھر میں کورونامتاثرین کی تعدادمیں اضافہ ہوتاجارہاہے،جسے دیکھتے ہوئے کولار ضلع کے ڈپٹی کمشنر سلوامنی نے اپنے دفتر میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس طلب کی تھی اور اس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ 21مئی بروز جمعہ کی شام6بجے سے 25مئی بروز منگل کی صبح 6بجے تک ضلع بھرمیں مکمل لاک ڈاؤن کااعلان کیاگیاہے اور اس دوران صرف میڈیکل شاپس،دودھ،اور اسپتال کوچھوڑ کر تمام دکانیں اورکاروبار بند رہیں گے۔ اب تک جو صبح چھ سے دس بجے تک ترکاریوں،راشن اور گوشت کی دکان کھولنے کی اجازت دی گئی تھی اب ان پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ 21 مئی کی شام6بجے تک عوام کو جوبھی ضروری چیزیں چاہئے خرید لینی ہوں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایاکہ ہوٹلوں سے اب تک جو پارسل کی سہولت دی گئی تھی وہ اسی طرح جاری رہے گی۔تین دنوں تک سرکاری دفاتر،بینک بھی بند رہیں گے اورصرف اے ٹی ایم کھلے رہیں گے۔اس دوران ایس پی کارتک ریڈی نے کہاکہ ان تین دنوں میں اگرکوئی بلاوجہ گھروں سے نکل کر اپنی سواریوں میں گھومنے کی کوشش کریں گے ان کی گاڑیاں ضبط کرلی جائیں گی او ر ایسے افراد کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنراورایس پی نے ضلع کے عوام سے گذارش کی ہے کہ کوروناپر قابوپانے کیلئے اس مکمل لاک ڈاؤن میں ہماراساتھ دیں اور گھروں میں رہیں۔